وفاقی حکومت نے سونے کی درآمد اور برآمد پر عائد پابندی ختم کردی

0
296

وفاقی حکومت نے سونے کی درآمد اور برآمد پر عائد پابندی ختم کر دی ہے۔ کابینہ کی منظوری کے بعد وزارتِ تجارت نے باضابطہ حکم نامہ جاری کرتے ہوئے سونے کی عالمی تجارت سے متعلق معطل شدہ ایس آر او دوبارہ بحال کردیا ہے۔

حکام کے مطابق قیمتی دھاتوں اور زیورات کی درآمد و برآمد سے متعلق فریم ورک برقرار رہے گا، تاہم اس نظام میں شفافیت اور خود کار طریقہ کار کو مزید بہتر بنانے کے لیے چند ترامیم کی گئی ہیں۔

واضح رہے کہ رواں سال مئی میں سونے کی درآمد و برآمد پر عارضی پابندی لگائی گئی تھی۔ وزارتِ تجارت نے 6 مئی 2025 کو سونے کی تجارت منظم کرنے والا ایس آر او 60 روز کے لیے معطل کیا تھا، جس کی وجہ سونے کی اسمگلنگ سے متعلق شکایات تھیں۔ ذرائع کے مطابق حالیہ مہینوں میں سونے کی اسمگلنگ کی کوئی شکایت موصول نہیں ہوئی جس کے بعد پابندی ختم کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

ادارہ شماریات کے اعداد و شمار کے مطابق جون اور جولائی میں سونے کی کوئی درآمد نہیں ہوئی جبکہ مئی میں صرف 9 کلوگرام سونا درآمد کیا گیا، جس کی مالیت تقریباً 9 لاکھ 27 ہزار ڈالر تھی۔ یہ درآمد زیادہ تر ایس آر او معطلی سے قبل مکمل ہونے والی شپمنٹ کا حصہ تھا۔ اس کے برعکس جولائی 2024 میں درآمدات کی مالیت 22 لاکھ ڈالر تک ریکارڈ کی گئی تھی۔

فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر عاطف اکرام شیخ نے حکومت سے اپیل کی تھی کہ جیولری ایکسپورٹ انڈسٹری کے تحفظ کے لیے ایس آر او 760 کو بحال کیا جائے، کیونکہ اچانک معطلی سے برآمد کنندگان کے معاہدے، سپلائی چین اور عالمی خریداروں کا اعتماد متاثر ہوا تھا۔

حکومت کی جانب سے پابندی کے خاتمے کے بعد سونے کی تجارت معمول کے مطابق بحال ہونے کی توقع ہے۔

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا