قومی و صوبائی حلقوں میں ضمنی انتخابات؛ پولنگ جاری، سکیورٹی کے سخت انتظامات

0
394

قومی اسمبلی کے 6 اور پنجاب اسمبلی کے 7 حلقوں میں ضمنی انتخابات کیلئے پولنگ کا عمل جاری ہے، اس موقع پر سکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔

الیکشن کمیشن کے مطابق پولنگ صبح 8 بجے شروع ہوئی جو بغیر کسی وقفے کے شام 5 بجے تک جاری رہے گی۔ لاہور، فیصل آباد، ساہیوال، سرگودھا، میانوالی، مظفرگڑھ اور ہری پور میں ووٹنگ کا عمل پُرامن طور پر جاری ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ ملک بھر میں قائم 2792 پولنگ اسٹیشنز میں سے 408 کو انتہائی حساس اور 1032 کو حساس قرار دیا گیا ہے۔ دو ہزار سے زائد سکیورٹی اہلکار تعینات ہیں۔ شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ بلا خوف و خطر اپنے پولنگ اسٹیشنز پہنچ کر ووٹ کا حق استعمال کریں۔

این اے 18 ہری پور

این اے 18 میں 9 امیدوار مدمقابل ہیں۔ پی ٹی آئی کی حمایت یافتہ آزاد امیدوار شہرناز، ن لیگ کے بابر نواز خان اور پیپلز پارٹی کی ارم فاطمہ کے درمیان سخت مقابلہ متوقع ہے۔ یہ نشست عمر ایوب کی نااہلی کے بعد خالی ہوئی تھی۔

این اے 96

این اے 96 میں مسلم لیگ ن، پیپلز پارٹی اور آزاد امیدواروں سمیت 16 امیدوار میدان میں ہیں۔ مرد ووٹرز کی تعداد 3 لاکھ 72 ہزار 133 جبکہ خواتین ووٹرز کی تعداد 2 لاکھ 72 ہزار 991 ہے۔

این اے 104

این اے 104 میں ن لیگ کے راجہ دانیال اور آزاد امیدوار رانا عدنان جاوید سمیت 5 امیدوار مقابلے میں ہیں۔ حلقے میں 5 لاکھ 57 ہزار 637 ووٹرز رجسٹرڈ ہیں۔

این اے 129 لاہور

این اے 129 میں مسلم لیگ ن کے حافظ محمد نعمان، آزاد امیدوار بجاش خان نیازی اور ارسلان احمد کے درمیان کانٹے دار مقابلہ متوقع ہے۔ کل 334 پولنگ اسٹیشنز قائم کیے گئے ہیں جن میں سے 70 مشترکہ ہیں۔ یہ نشست میاں اظہر کے انتقال کے بعد خالی ہوئی تھی۔

این اے 143 ساہیوال

این اے 143 میں ن لیگ اور پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ امیدوار کے درمیان سخت مقابلے کی توقع کی جا رہی ہے۔ حلقے میں ووٹرز کی کل تعداد 5 لاکھ 84 ہزار 698 ہے۔

این اے 185

این اے 185 میں مسلم لیگ ن، پیپلز پارٹی اور جے یو آئی کے امیدوار آمنے سامنے ہیں۔

پی پی 87 میانوالی

پی پی 87 میں 193 پولنگ اسٹیشنز قائم کیے گئے ہیں جبکہ ووٹرز کی کل تعداد 2 لاکھ 83 ہزار 272 ہے۔ حلقے میں 66 پولنگ اسٹیشنز کو حساس قرار دیا گیا ہے، سکیورٹی کیلئے 1500 سے زائد اہلکار تعینات ہیں، پاک آرمی بھی معاونت کیلئے موجود ہے۔

پنجاب میں سکیورٹی ہائی الرٹ

پنجاب بھر میں ضمنی انتخابات کے سلسلے میں 20 ہزار سے زائد پولیس اہلکار ڈیوٹی پر مامور ہیں۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ ووٹرز کو پرامن ماحول فراہم کیا جائے گا، اسلحہ لیجانے اور قانون کی خلاف ورزی پر زیرو ٹالرنس دکھائی جائے گی۔ انتہائی حساس پولنگ اسٹیشنز پر سی سی ٹی وی مانیٹرنگ کا نظام فعال کر دیا گیا ہے۔

ہری پور میں این اے 18 کے ضمنی انتخاب کے باعث ڈپٹی کمشنر نے دفعہ 144 نافذ کر دی ہے، اسلحہ کی نمائش پر مکمل پابندی ہوگی۔

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا