کابل: افغانستان نے بھارتی سرمایہ کاروں کو سونے کی کان کنی سمیت نئے شعبوں میں سرمایہ کاری کرنے کے لیے 5 سال کی ٹیکس چھوٹ دینے کی پیشکش کی ہے۔ یہ پیشکش افغانستان کے قائم مقام وزیر تجارت الحاج نورالدین عزیزی کی بھارت کے 6 روزہ دورے کے دوران سامنے آئی۔ انہوں نے نئی دہلی میں بھارتی تجارتی حکام سے ملاقات کی۔
افغان وزیر تجارت نے اس ملاقات میں کہا کہ افغانستان نے پاکستان کے ساتھ تعلقات میں کشیدگی کے بعد بھارت کے ساتھ تجارتی روابط بڑھانے کی کوششیں شروع کر دی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ افغانستان میں سرمایہ کاری کے بے شمار مواقع موجود ہیں اور یہاں کم مقابلہ ہے، جس کے نتیجے میں بھارتی سرمایہ کاروں کو ٹیرف سپورٹ اور ٹیکس چھوٹ ملے گی۔
حاجی نورالدین عزیزی نے بھارت کے تجارتی حکام کو بتایا کہ افغان حکومت سونے کی کان کنی کے شعبے میں سرمایہ کاری کرنے والی کمپنیوں کو 5 سال تک ٹیکس میں چھوٹ دینے کے لیے تیار ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر بھارتی کمپنیاں افغانستان میں مشینری کی درآمد کرتی ہیں تو ان پر صرف 1 فیصد ٹیرف عائد کیا جائے گا۔
افغان وزیر نے مزید کہا کہ سونے کی کان کنی کے لیے افغانستان کو تکنیکی اور پیشہ ور ٹیم کی ضرورت ہے، اور انہوں نے بھارتی حکام سے درخواست کی کہ وہ اپنی ٹیم بھیج کر تحقیق کریں اور پھر کام شروع کریں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ سونے کی کان کنی کے منصوبے کو افغانستان میں ہی پروسیس کیا جائے تاکہ مقامی سطح پر روزگار کے مواقع پیدا ہوں۔





