اسلام آباد: پاکستان میں پہلے بین الاقوامی مقابلہ حسن قرأت میں دنیا کے 37 ممالک سے آئے قاری حضرات نے شرکت کی، اور ملائیشیا کے قاری ایمن رضوان بن محمد رملان نے پہلی پوزیشن حاصل کی۔
اسلام آباد میں ہونے والے اس مقابلے کی تقریب تقسیم انعامات کا آغاز قاری سید صداقت علی کی قرات سے ہوا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر برائے مذہبی امور سردار یوسف نے کہا کہ دنیا بھر سے آئے قاری حضرات کو پاکستان میں خوش آمدید کہتے ہیں، اور 37 ممالک کے قاری پاکستان میں آئے ہیں۔
نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے کہا کہ یہ مقابلہ قرأت امت مسلمہ کے اتحاد کے لیے پاکستان کی کوششوں کا مظہر ہے۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان قرآن کریم کے ساتھ اپنا رشتہ مضبوط بنائیں، اور قرآن کے اصولوں سے ملک کے نظام کو چلانے کے لیے سبق حاصل کریں۔
مقابلہ حسن قرأت میں پہلی پوزیشن حاصل کرنے والے قاری کو 50 لاکھ روپے، دوسری پوزیشن کو 30 لاکھ روپے اور تیسری پوزیشن کو 20 لاکھ روپے انعام دیا گیا۔
ایران کے قاری عدنان نے دوسری پوزیشن جبکہ پاکستانی قاری عبد الرشید نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔ افغانستان کے قاری نے چوتھی، انڈونیشیا کے قاری نے پانچویں اور مراکش کے قاری نے چھٹی پوزیشن حاصل کی۔
نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور وفاقی وزیر سردار یوسف نے پوزیشن حاصل کرنے والے قاری حضرات میں انعامات تقسیم کیے۔






