مستند دستاویزات رکھنے والے مسافروں کو بیرونِ ملک سفر سے نہیں روکا جائے:محسن نقوی

0
397

اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ جن مسافروں کے پاس مکمل اور مستند سفری دستاویزات ہوں، انہیں بیرونِ ملک سفر سے نہیں روکا جانا چاہئے، اور ایجنٹ مافیا کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔

محسن نقوی نے اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ کا اچانک دورہ کیا، جو تقریباً دو گھنٹے جاری رہا۔ دورے کے دوران انہوں نے امیگریشن پراسیس، عملے کی موجودگی اور مسافروں کو درپیش مسائل کا تفصیلی جائزہ لیا اور بیرونِ ملک سفر کرنے والے مسافروں سے ملاقات کرکے ان کے تجربات اور شکایات سنی۔

وزیر داخلہ نے ایک مسافر کی جانب سے امیگریشن پر کم عملہ ہونے کی شکایت کا سخت نوٹس لیتے ہوئے فوری انکوائری کا حکم دیا اور ہدایت کی کہ سی سی ٹی وی فوٹیج کے ذریعے پوری صورتحال کا جائزہ لیا جائے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ آئندہ مسافروں کو اس نوعیت کی شکایت کا موقع نہیں ملے گا۔

محسن نقوی نے کہا کہ ضروری سفری دستاویزات رکھنے والے مسافروں کو بلاجواز روکنے سے گریز کیا جائے، جبکہ جعلی دستاویزات یا غیر قانونی ذرائع سے سفر کرنے والے مسافر ملک کی بدنامی کا سبب بنتے ہیں اور ایسی صورتحال برداشت نہیں کی جائے گی۔

انہوں نے ویزا ایجنٹ مافیا کے خلاف بھرپور کریک ڈاؤن کا حکم دیا اور کہا کہ دھوکہ باز ایجنٹوں سے کوئی رعایت نہیں کی جائے گی۔ بغیر تصدیق شدہ دستاویزات کے سفر کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔

وزیر داخلہ نے متعلقہ اداروں کو سخت ہدایات دیں کہ ایئرپورٹ کے امیگریشن نظام کو مزید مؤثر، شفاف اور مسافر دوست بنایا جائے تاکہ پاکستان کے امیج اور مسافروں کے اعتماد کو نقصان نہ پہنچے۔

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا