راولپنڈی: انسداد دہشت گردی عدالت نے شوکت خانم ہسپتال اور نمل یونیورسٹی کے بینک اکاؤنٹس ڈی فریز کرنے کا حکم دے دیا۔
راولپنڈی کی انسداد دہشت گردی عدالت میں علیمہ خان کے خلاف 26 نومبر کے احتجاج پر درج مقدمے کی سماعت ہوئی، جس کی نگرانی جج امجد علی شاہ نے کی۔
سماعت کے دوران شوکت خانم ہسپتال کے وکلاء عدالت میں پیش ہوئے۔ سرکاری پراسیکیوٹر ظہیر شاہ نے بتایا کہ شوکت خانم کے اکاؤنٹس فریز کرنے سے متعلق کوئی تحریری درخواست عدالت میں دائر نہیں کی گئی تھی۔ انہوں نے کہا کہ علیمہ خان کے ذاتی اکاؤنٹس فریز کرنے کے لیے ان کا شناختی کارڈ نمبر سٹیٹ بینک کو بھجوایا گیا تھا، جس کے بعد سٹیٹ بینک نے ان کے تمام رجسٹرڈ اکاؤنٹس بند کر دیے تھے۔
پراسیکیوشن کی جانب سے شوکت خانم اور نمل یونیورسٹی کے اکاؤنٹس ڈی فریز کرنے پر کوئی اعتراض نہیں اٹھایا گیا۔ دلائل سننے کے بعد عدالت نے دونوں اداروں کے اکاؤنٹس بحال کرنے کا حکم دے دیا۔






