راولپنڈی میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے پاک فوج کے ترجمان لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری نے کہا کہ ایک مخصوص شخص اپنی ذات کے لیے فوج پر حملے کر رہا ہے اور یہ بیانیہ قومی سلامتی کے لیے خطرہ بن چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ شخص مسلسل پاک فوج کے خلاف پروپیگنڈا کررہا ہے، جس کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
ترجمان نے بتایا کہ بیرون ملک موجود بےنامی اکاؤنٹس، بھارتی میڈیا اور افغانستان میں موجود ٹرول نیٹ ورک اس بیانیے کو منظم طریقے سے پھیلاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ کوئی اتفاق نہیں بلکہ ایک منظم مہم ہے جسے بیرونی قوتیں اٹھا کر وائرل کرتی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ 9 مئی کا مقدمہ فوج نہیں بلکہ قوم کا مقدمہ ہے، شہدا کی یادگاروں پر حملہ ایک سنگین اور ناقابلِ معافی جرم تھا۔ پاک فوج ایک پروفیشنل ادارہ ہے اور کسی سیاسی ایجنڈے پر نہیں چلتی۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ فوج عوام ہی سے بنتی ہے، افسر اور جوان اسی ملک کے بیٹے ہیں، عوام اور فوج کے درمیان دراڑ ڈالنے کی کوشش کامیاب نہیں ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ جو شخص عوام کو فوج کے خلاف بھڑکانے کی کوشش کر رہا ہے وہ ملک کو کمزور کرنا چاہتا ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ پاکستان افغان حکومت سے مسلسل بات چیت کر رہا ہے، تاہم خوارج جیسے دہشتگردوں سے مذاکرات نہیں ہوسکتے۔ دہشتگردی کے خلاف انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز جاری ہیں اور ان میں کسی قسم کا کلیٹرل ڈیمیج نہیں ہو رہا۔
انہوں نے کہا کہ منفی بیانیے کا خاتمہ وقت کی ضرورت ہے، سیاسی سرپرستی میں دہشتگردوں کی سہولت کاری ناقابلِ قبول ہے، اور سچ یہی ہے کہ فوج نے ہمیشہ قوم کے لیے جانیں دی ہیں اور آگے بھی دیتی رہے گی۔






