وزیراعظم کا تاجکستان کے ساتھ تجارت، توانائی اور ثقافت میں تعاون بڑھانے کے عزم کا اعادہ

0
327

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے تاجکستان کے ساتھ دوطرفہ تعلقات میں مثبت پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے تجارت، توانائی، رابطوں اور ثقافت سمیت کثیر جہتی تعاون کو مزید فروغ دینے کے پختہ عزم کا اعادہ کیا ہے۔

وزیراعظم سے جمہوریہ تاجکستان کی وزیر ثقافت ستاریون متلوبخون امان زادہ نے وزیراعظم ہاؤس میں ملاقات کی، جس میں دوطرفہ تعلقات اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان کے دورے پر آنے والی تاجک وزیر اور ان کے وفد کا پرتپاک استقبال کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور تاجکستان کے درمیان گہرے تاریخی، ثقافتی اور تہذیبی روابط موجود ہیں، جو عوام کے درمیان روابط اور ثقافتی تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے لیے ایک مستحکم بنیاد فراہم کرتے ہیں۔

انہوں نے دوطرفہ تعلقات میں جاری مثبت پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کیا اور ثقافت کے شعبے میں تعاون کو مزید وسعت دینے کی ضرورت پر زور دیا۔ وزیراعظم نے اسلام آباد میں جاری پاکستان-تاجکستان ثقافتی ہفتے کو ایک تاریخی اقدام قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ دونوں ممالک کی شاندار روایات، فنون اور مشترکہ ورثے کو اجاگر کرنے کا بہترین موقع ہے۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ اس نوعیت کے ثقافتی تبادلے باہمی افہام و تفہیم کو فروغ دیں گے اور پاکستان و تاجکستان کے عوام کے درمیان دوستی کو مزید مضبوط بنائیں گے۔

شہباز شریف نے دونوں ممالک کے باہمی مفاد میں تاجکستان کے ساتھ تجارت، توانائی، رابطوں اور ثقافت سمیت مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے تاجکستان کے صدر امام علی رحمان کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ وہ آئندہ سال پاکستان کا سرکاری دورہ کریں گے۔

تاجک وزیر ثقافت نے وزیراعظم کو صدر امام علی رحمان کی جانب سے نیک خواہشات پہنچائیں اور پاکستان کی مہمان نوازی اور ثقافتی سفارت کاری کے فروغ کو سراہا۔ انہوں نے فنکاروں کے تبادلے، مشترکہ ثقافتی پروگرامز، تہواروں اور نمائشوں کے انعقاد میں تاجکستان کی گہری دلچسپی کا اظہار بھی کیا۔

واضح رہے کہ تاجک صدر امام علی رحمان اور وزیراعظم شہباز شریف کے درمیان پاکستان میں تاجکستان کے ثقافتی ہفتے کے انعقاد پر اتفاق ہوا تھا، جس کے تحت تاجکستان کی وزیر ثقافت اس وقت پاکستان کے دورے پر ہیں۔

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا