لاہور کی انسداد دہشت گردی عدالت نے کوٹ لکھپت جیل میں 9 مئی کے مزید دو مقدمات کا فیصلہ سنا دیا۔
انسداد دہشت گردی عدالت کے جج ارشد جاوید نے کوٹ لکھپت جیل میں گلبرگ میں گاڑیاں جلانے اور کلمہ چوک میں کنٹینر نذرِ آتش کرنے کے مقدمات کا فیصلہ سنایا۔
عدالت نے تحریک انصاف کی رہنما ڈاکٹر یاسمین راشد، میاں محمود الرشید، عمر سرفراز چیمہ اور اعجاز چوہدری کو دس، دس سال قید کی سزا سنائی۔ یہ سزا ملزمان پر لاہور کے علاقے گلبرگ میں گاڑیاں جلانے اور کلمہ چوک میں کنٹینر جلانے کے الزامات ثابت ہونے پر سنائی گئی۔
عدالت نے گلبرگ میں گاڑیاں جلانے کے مقدمے میں 22 ملزمان کو بری کر دیا، جبکہ کلمہ چوک میں کنٹینر جلانے کے مقدمے میں 5 ملزمان کو بری کیا گیا۔
پولیس کے مطابق ان مقدمات کے چالان تھانہ گلبرگ اور تھانہ نصیر آباد کی جانب سے عدالت میں جمع کروائے گئے تھے۔ تھانہ گلبرگ کے مقدمے میں پولیس نے 33 ملزمان کو نامزد کیا تھا، جن میں میاں اسلم اقبال سمیت چار ملزمان کو اشتہاری قرار دیا گیا تھا۔
اسی طرح تھانہ نصیر آباد پولیس نے 36 ملزمان کے خلاف چالان پیش کیا تھا، جس میں میاں اسلم اقبال سمیت 12 ملزمان کو اشتہاری قرار دیا گیا تھا۔






