چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو سعودی عرب کا اعلیٰ ترین قومی اعزاز عطا

0
647

چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے سعودی عرب کے وزیرِ دفاع شہزادہ خالد بن سلمان سے ملاقات کی، جس میں علاقائی امن، سلامتی اور انسدادِ دہشت گردی کے شعبوں میں تعاون کو مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا گیا۔

سرکاری دورۂ سعودی عرب کے دوران ہونے والی اس ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔ تبادلۂ خیال میں علاقائی سلامتی کی صورتحال، دفاعی و عسکری تعاون، اسٹریٹجک شراکت داری اور بدلتے ہوئے جغرافیائی و سیاسی چیلنجز شامل تھے۔

یہ ملاقات پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان گہرے، تاریخی اور برادرانہ تعلقات کی ایک بار پھر توثیق کا باعث بنی۔

اس موقع پر خادمِ حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود کے جاری کردہ شاہی فرمان کے تحت فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو مملکتِ سعودی عرب کے اعلیٰ ترین قومی اعزاز کنگ عبدالعزیز میڈل سے نوازا گیا۔

یہ اعزاز فیلڈ مارشل عاصم منیر کی ممتاز عسکری خدمات، قیادت اور پاکستان و سعودی عرب کے درمیان دفاعی تعاون، اسٹریٹجک ہم آہنگی اور ادارہ جاتی روابط کے فروغ میں ان کے کلیدی کردار کے اعتراف کے طور پر دیا گیا۔ اعزاز علاقائی امن و استحکام، خصوصاً انسدادِ دہشت گردی اور سلامتی کے شعبوں میں ان کی مسلسل خدمات کا بھی عکاس ہے۔

سعودی قیادت نے فیلڈ مارشل عاصم منیر کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور اسٹریٹجک وژن کو سراہتے ہوئے دونوں ممالک کے دیرینہ اور برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لیے ان کے عزم کی تعریف کی۔

فیلڈ مارشل عاصم منیر نے اس اعزاز پر خادمِ حرمین شریفین اور سعودی قیادت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اسے پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان مضبوط اور پائیدار تعلقات کی علامت قرار دیا۔ انہوں نے سعودی عرب کی سلامتی، استحکام اور خوشحالی کے لیے پاکستان کے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کیا۔

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا