کوئٹہ(طلوع نیوز)نئے مالی سال کےلیے بلوچستان کا750ارب روپے کا بجٹ پیش کردیا گیا۔سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں 35 فیصد تک اضافے کا فیصلہ کرلیا گیا۔
ترقیاتی بجٹ کا حجم 229 ارب روپے رکھا گیا ہے جبکہ غیرترقیاتی بجٹ کیلئے 437 ارب روپے رکھے گئے ہیں۔ گریڈ1سے16 تک سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں35 فیصد جبکہ گریڈ17 سے27 کے ملازمین کی تنخواہوں میں30فیصد اضافے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔پنشن میں 17.5فیصد اضافے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
صوبائی وزیرخزانہ زمرک اچکزئی کا کہنا تھا کہ شعبہ صحت کےلیے بجٹ میں65ارب روپے، تعلیم کی مد میں سب سےزیادہ رقم87ارب روپے اور امن وامان کیلئے 53ارب روپےمختص کیے گئے ہیں۔
وزیرخزانہ بلوچستان نے کہا کہ بجٹ میں کوئی نیا ٹیکس نہیں لگایا جارہا، صحت کارڈ کیلئے 5.5ارب مختص کردیئے، اسکل ڈیولپمنٹ پروگرام کیلئے 2ارب روپے رکھے گئے ہیں، صوبےکےعوام کی فلاح وبہبودہماری اولین ترجیح ہے۔
زمرک اچکزئی نے مزید کہا کہ بلوچستان حکومت نے ریکوڈک کا معاہدہ کیا جس سے بلوچستان سمیت ملکی ترقی میں اہم کردارادا کرے گا۔ صوبائی حکومت نےکسانوں کیلئے کسان کارڈ کا اجراءکیا، سیلاب متاثرین کیلئے پی ڈی ایم اے کو فنڈز فراہم کیے۔ صوبے میں کھیلوں کی سرگرمیوں کو فروغ دیا گیا۔






