خاتون ڈاکٹر کو ہراساں کرنے پر سابق تھانیدار ملازمت سے برطرف

0
392


اسلام آباد:اختیارات کے ناجائز استعمال کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل کرتے ہوئے ڈی آئی جی آپریشنز اسلام آباد نے تھانہ لوہی بھیر کے سابق ایس ایچ او، سب انسپکٹر سہیل کہوٹ کو سرکاری ملازمت سے برطرف کر دیا۔ یہ کارروائی خاتون ڈاکٹر کو جنسی طور پر ہراساں کرنے کے الزامات محکمانہ انکوائری میں ثابت ہونے کے بعد عمل میں لائی گئی۔

پولیس کے اعلیٰ حکام کے مطابق انکوائری میں یہ بات ثابت ہوئی کہ ملزم افسر نے اپنے عہدے کا ناجائز فائدہ اٹھاتے ہوئے قانون اور اخلاقیات کی سنگین خلاف ورزی کی۔ الزامات کی تصدیق پر ڈی آئی جی آپریشنز نے فوری اور سخت کارروائی کرتے ہوئے اسے نوکری سے فارغ کر دیا۔

ذرائع کے مطابق متاثرہ خاتون ڈاکٹر کو باضابطہ درخواست جمع کرانے کی ہدایت کی گئی ہے تاکہ معاملے میں فوجداری کارروائی کا آغاز کیا جا سکے۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ درخواست موصول ہونے پر ملزم کے خلاف قانون کے مطابق مزید سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

پولیس ترجمان نے واضح کیا کہ بدعنوانی، اختیارات کے غلط استعمال اور خواتین کے وقار کے منافی کسی بھی عمل کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔ پولیس کا دوٹوک مؤقف ہے کہ وردی کسی کو قانون سے بالاتر نہیں بناتی۔

ڈی آئی جی آپریشنز کے اس جرات مندانہ اقدام کو شہریوں، سماجی حلقوں اور انسانی حقوق کے کارکنوں کی جانب سے سراہا گیا ہے۔ عوامی حلقوں نے مطالبہ کیا ہے کہ ایسے عناصر کو مثالی سزا دی جائے تاکہ آئندہ کسی کو قانون سے بالاتر ہونے کا تاثر نہ ملے اور اداروں پر عوام کا اعتماد مزید مضبوط ہو۔

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا