سابق وزیراعظم عمران خان کے معاونِ خصوصی مرزا شہزاد اکبر پر برطانیہ میں نامعلوم افراد نے حملہ کر دیا، جس کے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہو گئے۔
اطلاعات کے مطابق مرزا شہزاد اکبر اپریل 2022 سے خودساختہ جلاوطنی میں برطانیہ میں مقیم ہیں۔ غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق حملہ ان کے گھر پر کیا گیا، جس کے بعد انہیں اسپتال منتقل کیا گیا اور پولیس کو واقعے سے آگاہ کر دیا گیا۔
مرزا شہزاد اکبر کا کہنا ہے کہ حملے میں انہیں متعدد چوٹیں آئیں جبکہ فریکچر بھی ہوا ہے۔ تحریک انصاف کے ایکس (سابق ٹوئٹر) اکاؤنٹ کے مطابق حملہ صبح کے وقت کیمبرج میں ان کی رہائش گاہ پر کیا گیا، جہاں حملہ آور نے ان کے چہرے پر بار بار مکے مارے، جس کے باعث ان کی ناک اور جبڑا ٹوٹ گیا۔
پی ٹی آئی کے مطابق مقامی پولیس نے واقعے کی تفصیلات جمع کر لی ہیں اور تفتیش جاری ہے۔
پی ٹی آئی کے سینئر رہنما جنید اکبر نے حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ناک اور جبڑے کی ہڈیوں کا ٹوٹنا تشدد کی سنگینی کو ظاہر کرتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اختلافِ رائے کو دبانے کے لیے تشدد کا سہارا لینا بزدلی ہے، اوورسیز پاکستانیوں کو اس ظلم کے خلاف آواز بلند کرنی چاہیے۔
پی ٹی آئی کے ایک اور رہنما علی محمد خان نے بھی حملے کی مذمت کی اور شہزاد اکبر کی جلد صحتیابی کے لیے دعا کی۔
واضح رہے کہ مرزا شہزاد اکبر کو اس سے قبل نومبر 2023 میں بھی برطانیہ کے علاقے ہارٹفورڈشائر میں ان کے گھر پر حملے کا نشانہ بنایا گیا تھا، جہاں ایک نقاب پوش شخص نے ان پر تیزاب پھینکا تھا۔






