متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید النہیان نے پاکستان کے ایک روزہ سرکاری دورے کے بعد کہا ہے کہ امارات دونوں ممالک کے درمیان تعمیری تعاون کو مزید فروغ دینے کا خواہاں ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری بیان میں صدر متحدہ عرب امارات نے کہا کہ اسلام آباد میں وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات میں مختلف شعبوں میں تعاون مزید مضبوط کرنے کے لیے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ ملاقات میں اقتصادی، سرمایہ کاری اور ترقیاتی شعبوں میں تعلقات کو مزید فروغ دینے کے طریقوں پر بات ہوئی تاکہ دونوں ممالک کے عوام کے لیے ترقی اور خوشحالی یقینی بنائی جا سکے۔
محمد بن زاید نے کہا کہ متحدہ عرب امارات اور پاکستان کے تعلقات تاریخی نوعیت کے حامل ہیں اور امارات دونوں ممالک کے درمیان تعمیری تعاون کو مزید بڑھانے کے لیے پُرعزم ہے۔
دورے کے دوران شیخ محمد بن زاید نے صدر مملکت، وزیراعظم اور چیف آف ڈیفنس فورسز سے ملاقاتیں کیں اور مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا۔ ملاقات میں معاشی تعاون، سرمایہ کاری، توانائی، انفرااسٹرکچر کی ترقی، آئی ٹی اور ٹیکنالوجی سمیت عوامی روابط کے فروغ پر زور دیا گیا۔
اس کے علاوہ دونوں رہنماؤں نے علاقائی اور عالمی امور پر بات چیت کی اور تعلقات کو مستحکم کرنے، تعاون بڑھانے اور باہمی دلچسپی کے معاملات پر قریبی رابطے کا عزم دہرایا۔






