راولپنڈی: پاک فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے سعودی عرب کا سرکاری دورہ کیا، جہاں انہوں نے سعودی دفاعی قیادت سے ملاقاتیں کیں اور دوطرفہ دفاعی و عسکری تعاون کو مزید وسعت دینے پر اتفاق کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق سعودی عرب پہنچنے پر ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو کو رائل سعودی ایئر فورس کی جانب سے گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔ بعد ازاں ان کی لیفٹیننٹ جنرل ترکی بن بندر بن عبدالعزیز، کمانڈر رائل سعودی ایئر فورس، اور جنرل فیاض بن حمید الرولی، چیف آف جنرل سٹاف سے ملاقات ہوئی۔

ملاقاتوں میں علاقائی سکیورٹی صورتحال اور مستقبل کے دفاعی اشتراک پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر مشترکہ تربیت، آپریشنل تعاون اور پیشہ ورانہ تجربات کے تبادلے پر خصوصی زور دیا گیا۔
ایئر چیف مارشل نے پاکستان اور سعودی عرب کے تاریخی اور برادرانہ تعلقات کو اجاگر کرتے ہوئے بین الاقوامی اور دوطرفہ مشقوں کے ذریعے فوجی تعاون بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے پاکستان سعودی دفاعی معاہدے کو باہمی اعتماد اور بھائی چارے کی علامت قرار دیتے ہوئے پاک فضائیہ کی ملٹی ڈومین فورس میں تبدیلی سے بھی آگاہ کیا۔
دورانِ ملاقات سعودی دفاعی قیادت نے پاک فضائیہ کی اسپیس، سائبر، الیکٹرانک وارفیئر اور مصنوعی ذہانت (اے آئی) کی صلاحیتوں میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔
سعودی دفاعی قیادت نے پاک فضائیہ کی پیشہ ورانہ مہارت اور جنگی تیاری کو سراہتے ہوئے مشترکہ تربیت میں اضافے کی خواہش ظاہر کی، جبکہ علاقائی امن و استحکام میں پاکستان کے مثبت کردار کو بھی سراہا گیا۔ دفاع اور ایوی ایشن کے شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دینے کے عزم کا بھی اعادہ کیا گیا۔





