لاہور: چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا ہے۔ کہ پاکستان کی مسلح افواج ملک کی جغرافیائی سرحدوں اور داخلی سلامتی کے تحفظ کے لیے مکمل طور پر چوکس اور تیار ہیں۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے لاہور گیریژن کا دورہ کیا۔ جہاں انہوں نے آپریشنل تیاریوں کا جائزہ لیا۔ انہیں تربیتی معیار اور جنگی صلاحیتوں میں اضافے کے لیے کیے گئے اہم اقدامات پر بریفنگ دی گئی۔
چیف آف ڈیفنس فورسز نے فارمیشن کی تربیت اور جنگی صلاحیتوں کا تفصیلی معائنہ کیا۔ جدید ٹیکنالوجی پر مبنی خصوصی فیلڈ ٹریننگ مشق کا مشاہدہ بھی کیا، جس میں جدید ترین ٹیکنالوجیز کے عملی استعمال کا مظاہرہ پیش کیا گیا۔ یہ مشق مستقبل کے جنگی ماحول سے ہم آہنگی، جدت اور لچک پر پاک فوج کی بھرپور توجہ کو اجاگر کرتی ہے۔
فیلڈ مارشل نے مستقبل کے میدانِ جنگ کے تقاضوں کے مطابق جدت اور انوویشن پر زور دیا۔ اس موقع پر انہوں نے فوجی جوانوں کے لیے فراہم کی گئی اسپورٹس اور تفریحی سہولیات کا بھی معائنہ کیا اور جسمانی فٹنس اور بلند مورال برقرار رکھنے کی اہمیت پر زور دیا۔
بعد ازاں چیف آف ڈیفنس فورسز نے سی ایم ایچ لاہور کے ہائی کیئر سنٹر کا دورہ کیا۔ جہاں انہوں نے جدید اور معیاری طبی سہولیات کی فراہمی پر میڈیکل اسٹاف کی پیشہ ورانہ کاوشوں کو سراہا۔
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے قومی سلامتی کو درپیش کسی بھی خطرے کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی کے عزم کا اعادہ کیا۔ اور کہا کہ مسلح افواج اعلیٰ پیشہ ورانہ معیار، نظم و ضبط اور بے لوث قومی خدمت کے جذبے کو فروغ دے رہی ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ مسلح افواج ملک کی خودمختاری، علاقائی سالمیت اور داخلی استحکام کے تحفظ کے لیے پرعزم ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاک فوج ہر قسم کے چیلنج سے نمٹنے کے لیے تیار ہے اور مسلح افواج ملکی سلامتی کے دفاع کے لیے ہمہ وقت مستعد ہیں۔
قبل ازیں چیف آف ڈیفنس فورسز کی لاہور گیریژن آمد پر کور کمانڈر لاہور نے ان کا استقبال کیا۔





