وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی کراچی پہنچ گئے، تاریخ کا سب سے بڑا جلسہ کرنے کا اعلان

0
498

کراچی: وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی تین روزہ دورے پر کراچی پہنچ گئے، جہاں ان کے استقبال کے موقع پر پی ٹی آئی کارکنوں کے درمیان بدنظمی دیکھنے میں آئی اور ایک مقام پر کارکن آپس میں لڑ پڑے۔

ایئرپورٹ پر پی ٹی آئی کارکنوں کی بڑی تعداد وزیراعلیٰ کے استقبال کے لیے موجود تھی، تاہم شدید بدنظمی کے باعث ایک جگہ تلخ کلامی ہاتھا پائی میں تبدیل ہو گئی۔

کراچی آمد پر سینئر صوبائی وزیر سعید غنی نے وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی کا استقبال کیا اور سندھ کابینہ کی جانب سے خوش آمدید کہا۔ اس موقع پر انہیں سندھ کی روایتی اجرک اور ٹوپی بھی پیش کی گئی۔

بعد ازاں وزیراعلیٰ ایئرپورٹ سے باہر آئے، جہاں کارکنوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔ سہیل آفریدی ایئرپورٹ سے ریلی کی صورت میں انصاف ہاؤس روانہ ہوئے، جس کے بعد ان کا کراچی پریس کلب میں ’’میٹ دی پریس‘‘ اور باغ جناح کے دورے کا بھی شیڈول ہے۔

اسلام آباد سے روانگی سے قبل اپنے بیان میں وزیراعلیٰ نے کہا تھا کہ وہ بانی چیئرمین کا پیغام لے کر سندھ جا رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ تین روزہ دورہ اسٹریٹ موومنٹ کو تیز کرنے کے لیے اہم ہے اور اس سلسلے میں مختلف تقریبات میں شرکت کی جائے گی۔

انہوں نے کارکنوں پر زور دیا کہ اسٹریٹ موومنٹ کی تیاریوں میں بھرپور کردار ادا کریں، جبکہ 11 جنوری کو مزار قائد پر جلسے کو کراچی کی تاریخ کا بڑا جلسہ قرار دیا۔

واضح رہے کہ دورہ سندھ کے دوران وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کی پارٹی قیادت، وکلا، تاجر تنظیموں، میڈیا اور وزیراعلیٰ سندھ سے ملاقاتیں بھی شیڈول ہیں۔ اس کے علاوہ کراچی، حیدرآباد اور دیگر شہروں میں اسٹریٹ موومنٹ کی سرگرمیوں میں شرکت کی جائے گی۔

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا