پولیس اہلکار کی ’بسم اللہ‘ پڑھ کر رشوت لیتے ہوئے ویڈیو وائرل

0
350

لاہور پولیس کے ایک اہلکار کی جانب سے شہری سے رشوت لینے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی ہے، جس میں اہلکار رشوت وصول کرتے ہوئے بسم اللہ پڑھتا ہوا نظر آ رہا ہے۔

یہ واقعہ تھانہ راوی روڈ کے علاقے میں پیش آیا، جہاں پولیس اہلکار عبدالرحمن نے رنگ روڈ پر شہری کو روک کر رشوت طلب کی۔ ویڈیو کے مطابق شہری نے ابتدا میں ایک ہزار روپے دینے کی کوشش کی، تاہم اہلکار نے مزید 500 روپے کا مطالبہ کیا۔

ویڈیو منظرِ عام پر آنے کے بعد سوشل میڈیا پر شدید ردعمل سامنے آیا۔ بعض صارفین نے شہری کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے سوال اٹھایا کہ آخر اسے کس مجبوری کے تحت رشوت دینا پڑی، جبکہ کئی صارفین نے طنزیہ انداز میں کہا کہ دن کی پہلی رشوت کا آغاز بسم اللہ کے ساتھ کیا جا رہا ہے۔

سوشل میڈیا صارف رفیق جان کا کہنا تھا کہ جب تک ملک میں آئین اور قانون کی مکمل بالادستی قائم نہیں ہوگی، اس طرح پولیس کی لوٹ مار جاری رہے گی۔

دوسری جانب لاہور پولیس نے وائرل ویڈیو پر فوری ایکشن لیتے ہوئے بتایا کہ ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران نے واقعے کا سخت نوٹس لیا ہے۔ پولیس حکام کے مطابق مذکورہ اہلکار کو فوری طور پر گرفتار کر لیا گیا ہے، جبکہ اسے ملازمت سے برطرف کرنے اور سخت محکمانہ کارروائی کے احکامات بھی جاری کر دیے گئے ہیں۔

ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران نے کہا کہ ایک اہلکار کا غلط فعل پوری پولیس فورس کی بدنامی کا باعث بنتا ہے، کرپشن اور اختیارات کے ناجائز استعمال پر زیرو ٹالرنس پالیسی ہے، ایسے اہلکاروں کی لاہور پولیس میں کوئی جگہ نہیں۔

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا