بین المذاہب ہم آہنگی ہی پُرامن معاشروں کی بنیاد ہے: بلاول بھٹو زرداری

0
683

کراچی: چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے بین المذاہب ہم آہنگی کے عالمی ہفتہ کے موقع پر خصوصی پیغام جاری کرتے ہوئے دنیا بھر میں رواداری، ہمدردی اور پُرامن بقائے باہمی کے عزم کی تجدید پر زور دیا ہے۔

اپنے پیغام میں بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ بھارت میں اسلاموفوبیا اور مذہبی اقلیتوں کے خلاف ریاستی سرپرستی میں فروغ پاتی نفرت میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے، جس کا عالمی برادری کو سنجیدگی سے نوٹس لینا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ اقلیتوں کے خلاف نفرت اور عدم برداشت کسی بھی معاشرے کے لیے خطرناک ہے۔

انہوں نے کہا کہ عدم برداشت، نفرت اور تقسیم کے اس دور میں مذاہب کے درمیان باہمی احترام کی ضرورت پہلے سے کہیں زیادہ بڑھ گئی ہے۔ مذاہب کے درمیان ہم آہنگی انسانیت کی وہ زبان ہے جو زخموں پر مرہم رکھتی ہے، اعتماد کو فروغ دیتی ہے اور معاشروں کو مضبوط بناتی ہے۔

چیئرمین پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ پاکستان کی روح اس کے کثرت پسند ورثے میں پنہاں ہے، جہاں مختلف عقائد سے تعلق رکھنے والے افراد کی تاریخ، ثقافت اور امیدیں ہمیشہ سانجھی رہی ہیں۔ انہوں نے قائداعظم محمد علی جناح کے وژن، قائدِ عوام ذوالفقار علی بھٹو شہید اور شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی جمہوری جدوجہد کو مشعلِ راہ قرار دیا۔

بلاول بھٹو زرداری نے شہریوں کی مساوات اور تمام مذاہب کے احترام کو ایک منصفانہ اور مضبوط معاشرے کی بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا کہ جہاں مکالمہ دبایا جاتا ہے وہاں انتہاپسندی فروغ پاتی ہے۔

انہوں نے علماء، نوجوانوں، اساتذہ اور سول سوسائٹی پر زور دیا کہ وہ نفرت کو مسترد کریں، اقلیتوں کے حقوق کا تحفظ یقینی بنائیں اور اختلافات کے حل کے لیے مکالمے کو فروغ دیں۔ ان کا کہنا تھا کہ جو قوم ہر مذہب کا احترام کرتی ہے وہ دراصل انسانیت کی قدر کرتی ہے اور ایسی قوم ہمیشہ طاقت اور امید کے ساتھ آگے بڑھتی ہے۔

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا