امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک بار پھر پاک بھارت کشیدگی کا حوالہ دیتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ اگر امریکا بروقت مداخلت نہ کرتا تو دونوں ممالک کے درمیان تنازع ایٹمی جنگ کی صورت اختیار کر سکتا تھا۔
امریکی میڈیا کو دیے گئے ایک انٹرویو میں صدر ٹرمپ نے کہا کہ پاکستان اور بھارت شدید لڑائی میں مصروف تھے اور جنگ کے دوران 10 طیارے بھی گرائے گئے۔ ان کے بقول دونوں ممالک ایٹمی تصادم کے دہانے پر کھڑے تھے۔
صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ امریکا نے ٹیرف اور دیگر معاشی اقدامات کے ذریعے دونوں فریقین کو واضح پیغام دیا، جس کے بعد کشیدگی کم کرنے میں مدد ملی اور جنگی ماحول کو ٹھنڈا کیا جا سکا۔
انہوں نے مزید کہا کہ ان کی نظر میں صورتحال نہایت سنگین تھی اور اگر بروقت اقدامات نہ کیے جاتے تو نتائج انتہائی تباہ کن ہو سکتے تھے۔
امریکی صدر نے ایران کے حوالے سے بھی بات کرتے ہوئے کہا کہ ایران اپنے جوہری اور بیلسٹک میزائل پروگرام پر امریکا سے معاہدہ کرنا چاہتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر ایران معاہدہ نہیں کرتا تو یہ اس کی بڑی غلطی ہوگی۔ امریکا خطے میں امن و استحکام کے لیے ایک مؤثر معاہدے کا خواہاں ہے۔






