وزیراعظم شہباز شریف نے ترلائی میں خودکش حملہ آور کو قابو کرنے کے دوران شہید ہونے والے شہری عون عباس کو زبردست خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے ان کے لواحقین کے لیے ایک کروڑ روپے مالی امداد کا اعلان کر دیا۔
وزیراعظم نے ترلائی میں واقع امام بارگاہ خدیجۃ الکبریٰ کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے مسجد انتظامیہ اور شہدا کے لواحقین سے ملاقات کی اور ان سے اظہارِ تعزیت کیا۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ دہشت گردوں کا کوئی مذہب نہیں ہوتا۔ اس افسوسناک واقعے کے ذریعے قوم اور مسلمانوں کو تقسیم کرنے کی سازش کی گئی، تاہم قوم نے اپنے اتحاد سے اسے ناکام بنا دیا۔
انہوں نے کہا کہ ترلائی دھماکے کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔ آئی جی، وزرا، افواجِ پاکستان اور قانون نافذ کرنے والے ادارے روزانہ دہشت گردوں کا تعاقب کر کے انہیں انجام تک پہنچا رہے ہیں، پوری قوم افواجِ پاکستان کی قربانیوں کی معترف ہے۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ اس المناک واقعے پر پوری قوم سوگوار ہے اور سب کے دل غم سے نڈھال ہیں۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ ملک سے دہشت گردی کا مکمل خاتمہ فرمائے اور یقین دہانی کرائی کہ شہدا کی قربانیاں ہرگز رائیگاں نہیں جائیں گی۔






