اسلام آباد: وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی نے بانی چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کی رہائی کے لیے “رہائی فورس” بنانے کا اعلان کر دیا۔
سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سہیل آفریدی کا کہنا تھا کہ انہیں بانی کی جانب سے اسٹریٹ موومنٹ کی ذمہ داری سونپی گئی ہے۔ انہوں نے مؤقف اختیار کیا کہ عدالتی احکامات پر عملدرآمد نہیں ہو رہا اور بانی پی ٹی آئی کو ذاتی معالجین تک رسائی بھی فراہم نہیں کی جا رہی۔
انہوں نے اعلان کیا کہ “بانی پی ٹی آئی رہائی فورس” کی باقاعدہ رجسٹریشن کی جائے گی اور یہ فورس پرامن جدوجہد کرے گی۔ سہیل آفریدی کے مطابق عید کے فوراً بعد 22 فروری کو پشاور میں فورس کے اراکین سے حلف لیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ فورس کا باقاعدہ چین آف کمانڈ ہوگا اور عمران خان جسے ذمہ داری دیں گے وہی اس کی قیادت کرے گا۔
سہیل آفریدی نے مزید کہا کہ پہلے مکمل تیاری کی جائے گی اور پھر عملی جدوجہد کا آغاز ہوگا۔ ان کے مطابق یہ تحریک جمہوریت، آئین کی بالادستی اور آزاد میڈیا کے لیے ہوگی۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی میں جو افراد انہیں ہٹانے کی خواہش رکھتے ہیں وہ جان لیں کہ عزت اور ذلت اللہ کے ہاتھ میں ہے، اور انہیں ہٹانے سے متعلق پیغام کس نے دیا اس بارے میں بانی پی ٹی آئی کی بہنوں سے پوچھا جائے۔





