پشاور: پاکستان کے مختلف شہروں میں رمضان المبارک 1447 ہجری (درست سال) کا چاند نظر آگیا ہے، جس کے بعد ملک بھر میں پہلا روزہ کل بروز جمعرات ہوگا جبکہ پہلی تراویح آج ادا کی جائے گی۔
چیئرمین مرکزی رویت ہلال کمیٹی مولانا عبدالخبیر آزاد نے چاند نظر آنے کا باضابطہ اعلان کیا۔ انہوں نے بتایا کہ ملک کے مختلف علاقوں سے موصول ہونے والی شہادتوں کی تصدیق کے بعد رمضان المبارک کا چاند نظر آنے کا فیصلہ کیا گیا۔
مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس پشاور میں منعقد ہوا جس کی صدارت مولانا عبدالخبیر آزاد نے کی۔ اجلاس چارسدہ روڈ پر اوقاف ہال میں ہوا جبکہ زونل کمیٹیوں کے اجلاس اسلام آباد، کراچی، لاہور اور کوئٹہ میں بھی منعقد ہوئے۔
مرکزی اجلاس میں کمیٹی اراکین کے علاوہ محکمہ موسمیات، اسپارکو اور وزارتِ سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے نمائندوں نے بھی شرکت کی۔
دوسری جانب پشاور کی تاریخی مسجد قاسم علی خان میں غیر سرکاری رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس بھی ہوا، جس کی صدارت مفتی شہاب الدین پوپلزئی نے کی۔
عالمی صورتحال کے مطابق سعودی عرب، خلیجی ممالک اور افغانستان میں آج پہلا روزہ رکھا جا رہا ہے، جبکہ بنگلا دیش اور بھارت میں بھی کل پہلا روزہ ہوگا۔ اسی طرح عراق، عمان، ترکیے، انڈونیشیا اور ملائیشیا میں کل روزہ رکھا جائے گا جبکہ آذربائیجان، قازقستان، کرغزستان اور ازبکستان میں بھی جمعرات کو پہلا روزہ ہوگا۔





