اسلام آباد: وزارت اطلاعات و نشریات نے سوشل میڈیا پر گردش کرنے والے اس دعوے کی تردید کردی ہے جس میں افغان طالبان کی نام نہاد وزارت دفاع کی جانب سے وانا میں کامیاب حملے کا دعویٰ کیا گیا تھا۔
وزارت اطلاعات کے مطابق جنوبی وزیرستان کے علاقے کے اوپر ایک ڈرون کو سافٹ کِل ٹیکنالوجی کے ذریعے ناکارہ بنایا گیا۔ حکام کا کہنا ہے کہ اس واقعے میں کسی قسم کا جانی یا مالی نقصان نہیں ہوا اور نہ ہی کسی فوجی تنصیب یا انفراسٹرکچر کو نقصان پہنچا۔
حکام نے واضح کیا کہ افغان طالبان کی جانب سے کیا جانے والا دعویٰ بے بنیاد اور پروپیگنڈے پر مبنی ہے۔ وزارت اطلاعات کے مطابق ماضی میں بھی اس نوعیت کے متعدد دعوے کیے گئے جو بعد میں غلط ثابت ہوئے، جن میں پاکستان ایئر فورس کے طیارے گرانے اور پائلٹس کو گرفتار کرنے کے دعوے بھی شامل ہیں۔
وزارت اطلاعات نے عوام سے اپیل کی ہے کہ سوشل میڈیا پر پھیلائی جانے والی غیر مصدقہ معلومات پر یقین نہ کریں اور صرف مستند ذرائع سے معلومات حاصل کریں۔ حکام کے مطابق حقائق ہمیشہ جھوٹ اور پروپیگنڈے پر غالب آتے ہیں۔





