پیٹرولیم مصنوعات کی بلا تعطل فراہمی حکومت کی اولین ترجیح، وفاقی وزیر خزانہ

0
423

اسلام آباد میں وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ بروقت منصوبہ بندی، متنوع درآمدی حکمت عملی اور اداروں کے درمیان مؤثر رابطے کے باعث عالمی اتار چڑھاؤ کے باوجود ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کی فراہمی مستحکم رہی ہے۔

وفاقی وزیر خزانہ کی زیرصدارت پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کی نگرانی کے لیے قائم کمیٹی کا اجلاس ہوا، جس میں توانائی کی فراہمی اور عالمی سطح پر تیل و گیس کی منڈیوں میں ہونے والی تبدیلیوں کا جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں بتایا گیا کہ خام تیل اور ریفائنڈ پیٹرولیم مصنوعات کے ذخائر تسلی بخش سطح پر موجود ہیں، جبکہ درآمدی معاہدوں اور مقامی پیداوار کے باعث سپلائی مزید مضبوط ہے۔ بریفنگ میں کہا گیا کہ درآمدی ٹرمینلز، ریفائنریز، ذخیرہ گاہوں اور ریٹیل آؤٹ لیٹس پر مشتمل سپلائی چین معمول کے مطابق کام کر رہی ہے، جس سے ملک بھر میں ایندھن کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنائی جا رہی ہے۔

مزید بتایا گیا کہ مارچ اور اپریل کے لیے پیٹرول کے کارگو بڑی حد تک یقینی بنائے جا چکے ہیں جبکہ اضافی کھیپوں کی منصوبہ بندی بھی جاری ہے تاکہ ذخائر کو مزید مستحکم رکھا جا سکے۔ بحری اور لاجسٹک نظام کے ذریعے ترسیل بھی مقررہ شیڈول کے مطابق جاری ہے۔

اجلاس میں ریفائنریز کی کارکردگی، عالمی توانائی منڈیوں میں قیمتوں کے رجحانات اور ان کے ملکی اثرات کا بھی تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ شرکا نے بین الاقوامی اور مقامی قیمتوں کے فرق کو مدنظر رکھتے ہوئے متوازن پالیسی سازی کی ضرورت پر زور دیا۔

کمیٹی نے جی ٹو جی معاہدوں اور توانائی کی فراہمی کو محفوظ بنانے کے اقدامات کا بھی جائزہ لیا، جبکہ مختلف ممالک سے تیل کی درآمد، ذخیرہ اندوزی اور ترسیل کے نظام میں بہتری پر پیش رفت سے آگاہ کیا گیا۔

وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے ہدایت کی کہ عالمی حالات، ذخائر اور سپلائی چین کی مسلسل نگرانی جاری رکھی جائے تاکہ بروقت اور مؤثر فیصلے ممکن بنائے جا سکیں۔

انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی بلا تعطل فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے اور اس مقصد کے لیے جامع حکمت عملی پر عمل جاری رکھا جائے گا۔

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا