کراچی کے علاقے ابراہیم حیدری میں ایک شہری گھریلو مسائل سے دلبرداشتہ ہو کر ہائی ٹینشن لائن کے پول پر چڑھ گیا۔ واقعہ زمان ٹاؤن تھانے کی حدود میں پاسبان چوک کے قریب پیش آیا، جہاں شہریوں کی بڑی تعداد موقع پر جمع ہوگئی۔
پولیس کے مطابق مذکورہ شخص کی شناخت عبدالحکیم کے نام سے ہوئی ہے، جو علی اکبر گوٹھ، ابراہیم حیدری کا رہائشی ہے۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق اس نے گھریلو پریشانیوں سے تنگ آکر یہ انتہائی قدم اٹھایا۔
ریسکیو اہلکار فوری طور پر موقع پر پہنچے اور سیڑھی کے ذریعے پول پر چڑھ کر ایک گھنٹے کی مسلسل کوشش کے بعد عبدالحکیم کو بات چیت کے ذریعے بحفاظت نیچے اتار لیا۔
بعد ازاں پولیس نے اسے اپنی تحویل میں لے کر تھانے منتقل کیا، جہاں ضروری کارروائی کے بعد اسے اس کے بھائی کے حوالے کر دیا گیا۔ پولیس نے اہلِ خانہ کو ہدایت کی ہے کہ اس کا فوری طبی معائنہ بھی کرایا جائے۔






