اسلام آباد: فائیو جی سپیکٹرم کے پہلے مرحلے کی کامیابی کے بعد اگلا مرحلہ آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں شروع کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق ابتدائی طور پر آزاد کشمیر میں فائیو جی سروس کا ٹرائل کیا جائے گا، جبکہ آئندہ 6 ماہ کے دوران آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں سپیکٹرم سے متعلق عمل مکمل ہونے کا امکان ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ وزارت آئی ٹی و ٹیلی کام آئندہ ایک سے دو ہفتوں میں پالیسی ڈائریکٹو جاری کرے گی، جس کے بعد عملی اقدامات کا آغاز ہوگا۔
سپیکٹرم ایکشن میں زونگ، جاز اور یو فون سمیت بڑی موبائل کمپنیاں حصہ لیں گی، جبکہ فریکوئنسی ایلوکیشن بورڈ بینڈز کے حوالے سے حتمی فیصلہ کرے گا۔
ذرائع کے مطابق پالیسی ڈائریکٹو جاری ہونے کے بعد پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی کنسلٹنٹ کی خدمات حاصل کرے گی تاکہ عملدرآمد کو یقینی بنایا جا سکے۔
مزید بتایا گیا ہے کہ آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں سپیکٹرم ایکشن کا عمل زیادہ طویل نہیں ہوگا اور اسے تیزی سے مکمل کیا جائے گا۔






