وفاقی وزیر آئی ٹی شزہ فاطمہ خواجہ نے اعلان کیا ہے کہ ایٹاریکسز (Ataraxis) کے گلوبل آؤٹ سورسنگ ٹیلنٹ انڈیکس 2026 میں پاکستان نے نمایاں پیش رفت کرتے ہوئے 193 ممالک میں 16ویں پوزیشن حاصل کر لی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ اس کامیابی کے ساتھ پاکستان دنیا کے سرفہرست 9 فیصد ممالک میں شامل ہو گیا ہے۔ ان کے مطابق پاکستان اس درجہ بندی میں چین (37ویں نمبر)، ویتنام (32ویں نمبر)، کولمبیا (31ویں نمبر) اور یورپی ممالک جیسے جرمنی، فرانس، اسپین اور برطانیہ سے بھی آگے ہے۔
وزیر آئی ٹی کے مطابق پاکستان کا ٹیلنٹ اسکور 100 میں سے 80 ہے، جس کے باعث یہ عالمی سطح پر اس کیٹیگری میں 8ویں نمبر پر آتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان یورپی یونین، مشرقِ وسطیٰ اور افریقی خطے کے تمام شامل ممالک سے بھی بہتر پوزیشن میں ہے۔
شزہ فاطمہ خواجہ کا کہنا تھا کہ پاکستان کی ٹیکنالوجی انڈسٹری اوسطاً 20 فیصد سالانہ شرح سے ترقی کر رہی ہے، جو ملک کے مضبوط اور ابھرتے ہوئے ٹیک ایکو سسٹم کا واضح ثبوت ہے۔






