کراچی میں پانی کی فراہمی کو بہتر بنانے کے لیے ایک اہم منصوبے پر کام کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا ہے، جس کے تحت دھابیجی پمپنگ اسٹیشن پر جدید اپ گریڈیشن کا عمل جاری ہے۔
سندھ حکومت اور ورلڈ بینک کے تعاون سے کراچی واٹر اینڈ سیوریج سروسز امپروومنٹ پروجیکٹ (KWSSIP) کے تحت اس منصوبے کا آغاز کیا گیا ہے، جس کا مقصد شہر میں پانی کی ترسیل کے نظام کو جدید اور مؤثر بنانا ہے۔
ترجمان کے مطابق دھابیجی پمپنگ اسٹیشن پر نئی مرکزی لائن نمبر 5 کے انٹرکنکشن کا کام شروع کر دیا گیا ہے۔ اس سلسلے میں نئی لائن کو موجودہ واٹر نیٹ ورک سے جوڑنے کا عمل ہفتہ کے روز دوپہر ایک بجے شروع کیا گیا۔
منصوبے کے تحت نہ صرف نئی لائن کو فعال بنایا جا رہا ہے بلکہ جدید والوز بھی نصب کیے جا رہے ہیں تاکہ پانی کی ترسیل کو مزید بہتر اور مستحکم بنایا جا سکے۔
کام کے دوران دھابیجی فورتھ فیز، کے ٹو اور کے تھری سے پانی کی فراہمی عارضی طور پر معطل کر دی گئی ہے۔ حکام کے مطابق مجموعی 21 پمپس میں سے صرف 9 پمپس کو عارضی طور پر بند کیا گیا ہے تاکہ کام محفوظ انداز میں مکمل ہو سکے۔
تاہم دیگر پمپس اور حب پمپنگ اسٹیشن کے ذریعے شہر کے بیشتر علاقوں کو پانی کی فراہمی معمول کے مطابق جاری رکھی گئی ہے، جس سے مکمل نظام متاثر نہیں ہوگا۔
حکام کا کہنا ہے کہ منصوبہ مکمل ہونے کے بعد کراچی میں پانی کی ترسیل کے نظام میں نمایاں بہتری آئے گی اور شہریوں کو زیادہ بہتر اور مستقل سپلائی میسر ہوگی۔
ترجمان نے متاثرہ علاقوں کے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ پانی کا محتاط استعمال کریں تاکہ عارضی تعطل کے دوران مشکلات کو کم کیا جا سکے۔






