مشرقِ وسطیٰ جنگ سے پاکستان کی معاشی کوششوں کو نقصان پہنچا،شہباز شریف

0
557

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ مشرقِ وسطیٰ میں جاری جنگ نے پاکستان کی گزشتہ دو سالہ معاشی کاوشوں کو متاثر کیا ہے۔

وفاقی کابینہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان نے خطے میں امن کے قیام کے لیے مخلصانہ کوششیں کیں، جبکہ ایران اور امریکا کے درمیان مذاکرات تقریباً 21 گھنٹے تک جاری رہے اور اس وقت دونوں ممالک کے درمیان جنگ بندی برقرار ہے۔

انہوں نے بتایا کہ عباس عراقچی نے عمان اور روس کا بھی دورہ کیا اور ایرانی قیادت سے مشاورت کے بعد جواب دینے کا عندیہ دیا ہے۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ جنگ کے باعث عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ ہوا، جس کے اثرات پاکستان کی معیشت پر بھی پڑے۔ انہوں نے کہا کہ جنگ سے قبل پاکستان کا ایک ہفتے کا تیل کا درآمدی بل 30 کروڑ ڈالر تھا جو اب بڑھ کر 80 کروڑ ڈالر تک پہنچ گیا ہے۔

شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان نے حال ہی میں ساڑھے 3 ارب ڈالر کے بیرونی قرضے واپس کیے ہیں اور معاشی استحکام کے لیے اقدامات جاری ہیں۔ انہوں نے سعودی عرب کی قیادت کے تعاون کو سراہتے ہوئے کہا کہ پبلک ٹرانسپورٹ اور دیگر شعبوں میں سبسڈی کے حوالے سے صوبوں کے ساتھ مشاورت جاری ہے۔

وزیراعظم کے مطابق حکومت موجودہ معاشی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کر رہی ہے۔

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا