پاک افغان سرحد پر افغان طالبان اور فتنہ الخوارج کی مبینہ بلااشتعال جارحیت کے بعد پاک فوج نے بھرپور جوابی کارروائی کرتے ہوئے دشمن کو پسپا ہونے پر مجبور کر دیا۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق چمن سیکٹر میں کارروائی کے دوران افغان طالبان کی متعدد چوکیوں اور گاڑیوں کو کامیابی سے نشانہ بنایا گیا اور تباہ کر دیا گیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پاک فوج کی مؤثر حکمت عملی کے باعث افغان طالبان اور فتنہ الخوارج کو بھاری نقصان اٹھانا پڑا اور انہیں پیچھے ہٹنا پڑا۔
سکیورٹی حکام کے مطابق دفاعِ وطن کے لیے فورسز کا عزم غیر متزلزل ہے اور ملک کی سالمیت کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔ مزید بتایا گیا کہ آپریشن غضب للحق اپنے تمام مقررہ اہداف کے حصول تک جاری رہے گا۔






