اسلام آباد: حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کرتے ہوئے نئی قیمتوں کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔
پیٹرولیم ڈویژن کے مطابق پیٹرول کی فی لیٹر قیمت میں 6 روپے 51 پیسے اضافہ کیا گیا ہے، جس کے بعد نئی قیمت 399 روپے 86 پیسے فی لیٹر مقرر ہو گئی ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں بھی 19 روپے 39 پیسے کا اضافہ کیا گیا ہے، جس کے بعد ڈیزل 399 روپے 58 پیسے فی لیٹر ہو گیا ہے۔ نئی قیمتوں کا اطلاق آج رات 12 بجے سے ہوگا۔
اعلامیے میں بتایا گیا کہ پیٹرول پر فی لیٹر لیوی 3 روپے 88 پیسے کم کی گئی ہے، جبکہ ڈیزل پر 28 روپے 69 پیسے فی لیٹر لیوی عائد کر دی گئی ہے، جو اس سے قبل صفر تھی۔
ذرائع کے مطابق یکم مئی کی تعطیل کے باعث قیمتوں میں ردوبدل کا اعلان ایک روز پہلے کیا گیا۔
دوسری جانب اوگرا کے ترجمان نے سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی پیٹرولیم ڈیلرز کی ہڑتال کی خبروں کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ کسی بھی ایسوسی ایشن نے ہڑتال کا اعلان نہیں کیا۔
پیٹرولیم ڈویژن نے بھی واضح کیا ہے کہ یکم مئی سے پیٹرول پمپس کی بندش کی خبروں میں کوئی صداقت نہیں اور ملک بھر میں پیٹرولیم مصنوعات کی فراہمی بلا تعطل جاری رہے گی۔
اعلامیے کے مطابق مشرق وسطیٰ کی کشیدگی کے باوجود سپلائی چین برقرار رکھی گئی ہے اور مستقبل میں بھی فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔ عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں حالیہ اتار چڑھاؤ کے باعث ملکی قیمتوں پر اثرات مرتب ہو رہے ہیں، تاہم تازہ رپورٹس کے مطابق برینٹ خام تیل اور ڈبلیو ٹی آئی کی قیمتوں میں حالیہ کمی بھی ریکارڈ کی گئی ہے۔






