تہران: ایران کے قائم مقام وزیر دفاع بریگیڈیئر جنرل سید مجید ابن الرضا نے کہا ہے کہ تہران اپنے مخالفین پر اعتماد نہیں کرتا اور جنگ بندی کی کسی بھی خلاف ورزی کی صورت میں فوری، مناسب اور مؤثر جواب دیا جائے گا۔
ایرانی خبر رساں ایجنسی کے مطابق قطر کے نائب وزیراعظم و وزیر مملکت برائے دفاعی امور شیخ سعود بن عبدالرحمان بن حسن آل ثانی سے ٹیلیفونک گفتگو میں سید مجید ابن الرضا نے جنگ بندی کے قیام میں قطر کے کردار کو سراہتے ہوئے اس پر شکریہ ادا کیا۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ مخالف فریق مختصر عرصے میں کئی بار اپنی ذمہ داریوں کی خلاف ورزی کر چکا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایران اپنے ہمسایہ مسلم ممالک، خصوصاً قطر پر اعتماد کرتا ہے، تاہم دشمن پر ہرگز بھروسہ نہیں کیا جا سکتا۔
قائم مقام ایرانی وزیر دفاع نے خبردار کیا کہ ایران پوری طرح تیار ہے، ہماری انگلی ٹریگر پر ہے، اور اگر جنگ بندی کی کسی بھی شق کی خلاف ورزی کی گئی تو بغیر کسی ہچکچاہٹ کے بھرپور جواب دیا جائے گا۔
دوسری جانب ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی بھی واضح کر چکے ہیں کہ امریکا پر اعتماد نہیں کیا جا سکتا، اور کسی بھی خلاف ورزی کی صورت میں ایران سخت اور مؤثر ردعمل دے گا۔






