امریکا: امریکا میں ایک پالتو طوطے نے سب سے طویل عمر پانے والے زندہ پالتو طوطے کا عالمی اعزاز اپنے نام کر لیا۔
گنیز ورلڈ ریکارڈز کے مطابق امریکی ریاست شمالی کیرولینا سے تعلق رکھنے والے ایک خاندان کا ہرے جسم اور جامنی سر والا طوطا “اسپوڈلز” دنیا کا معمر ترین زندہ پالتو طوطا قرار پایا ہے۔
طوطے کی مالکن امانڈا بیتھ کے مطابق انہیں یہ طوطا 1997 میں ان کی والدہ نے تحفے میں دیا تھا۔ اس وقت امانڈا کی عمر 23 سال تھی جبکہ طوطا تقریباً 3 سال کا تھا۔ ان کا کہنا ہے کہ اسپوڈلز نہایت باتونی، شوخ مزاج اور شور مچانے والا طوطا ہے۔
رواں سال 28 مارچ کو اسپوڈلز نے 32 سال اور 28 دن کی عمر مکمل کی، جس پر اسے دنیا کے معمر ترین زندہ پالتو طوطے کا اعزاز ملنے کی خوشی میں جشن بھی منایا گیا۔
گنیز ورلڈ ریکارڈز کے مطابق عام طور پر پالتو طوطے پنجرے یا گھریلو ماحول میں 15 سے 20 سال تک زندہ رہتے ہیں، تاہم اسپوڈلز نے غیر معمولی طور پر اس اوسط عمر سے کہیں زیادہ زندگی گزار کر ایک منفرد عالمی ریکارڈ قائم کیا ہے۔






