ممبئی: بالی وڈ اداکار عامر خان اور گوری اسپرٹ کی شادی میں شرکت کرنے والے مہمانوں اور تقریب کے مینیو سے متعلق تفصیلات سامنے آگئی ہیں۔
بھارتی میڈیا کے مطابق عامر خان اور گوری اسپرٹ کی شادی 5 جولائی کو ممبئی میں اداکار کی رہائش گاہ پر سادگی سے ہوگی۔ تقریب میں صرف دونوں خاندانوں کے افراد، قریبی رشتہ دار اور چند قریبی دوست شریک ہوں گے۔
عامر خان نے حال ہی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے 5 جولائی کو اپنی شادی کی تصدیق کرتے ہوئے کہا تھا کہ شادی کی ایک مختصر اور نجی تقریب گھر پر منعقد کی جائے گی، جس میں دونوں خاندانوں کے علاوہ چند قریبی دوست شرکت کریں گے۔
رپورٹس کے مطابق شادی میں 100 سے 150 کے قریب مہمان مدعو کیے گئے ہیں، جبکہ تقریب کے مہمانوں کی فہرست اور کھانے کے مینیو کو عامر خان اور گوری اسپرٹ نے خود حتمی شکل دی ہے۔
بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ عامر خان نے اپنے قریبی دوست اور معروف فلم ساز آشوتوش گوواریکر اور ہدایت کار راج کمار سنتوشی سمیت چند قریبی شخصیات کو بھی شادی کی تقریب میں مدعو کیا ہے۔
واضح رہے کہ عامر خان نے اپنی 60ویں سالگرہ کے موقع پر پہلی بار گوری اسپرٹ کو میڈیا سے متعارف کرایا تھا اور باضابطہ طور پر ان کے ساتھ اپنے تعلق کی تصدیق کی تھی۔
عامر خان کی پہلی شادی رینا دتہ سے 1986 میں ہوئی تھی، جو بعد ازاں ختم ہوگئی، جبکہ دوسری شادی کرن راؤ سے 2005 میں ہوئی اور 2021 میں دونوں نے علیحدگی اختیار کرلی تھی۔






