نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ فلسطین کی آزادی کے لیے عرب اور مسلم ممالک کو متحد ہو کر مؤثر کردار ادا کرنا ہوگا، جبکہ مقبوضہ بیت المقدس میں اسرائیل کے اقدامات بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہیں۔
مقبوضہ بیت المقدس سے متعلق وزارتی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے مسجد اقصیٰ میں انتہاپسند اسرائیلیوں کی دراندازی کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ مقدس مقامات پر اسرائیل کے قبضے کے مذموم عزائم کسی صورت قابل قبول نہیں۔
انہوں نے کہا کہ غزہ میں انسانی صورتحال مسلسل ابتر ہوتی جا رہی ہے، جہاں لاکھوں فلسطینی خوراک، پانی اور بنیادی طبی سہولتوں کی شدید قلت کا سامنا کر رہے ہیں۔
نائب وزیراعظم نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ اسرائیلی جارحیت اور مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزیوں کا فوری نوٹس لے اور فلسطینی عوام کے بنیادی حقوق کے تحفظ کے لیے مؤثر اقدامات کرے۔





