بلوچستان کے اضلاع واشک اور مستونگ میں سکیورٹی فورسز نے خفیہ اطلاعات پر مبنی کارروائیوں کے دوران 12 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا، جبکہ ایک دہشت گرد ٹھکانہ بھی تباہ کر دیا گیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق 5 اگست کو ضلع واشک میں سکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کی نقل و حرکت کا سراغ لگا کر بروقت کارروائی کی، جس کے نتیجے میں فتنہ الہندوستان سے وابستہ 6 دہشت گرد مارے گئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق 6 اگست کو ضلع مستونگ میں ایک اور انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران سکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جس میں مزید 6 دہشت گرد ہلاک ہوئے جبکہ ان کا ایک ٹھکانہ بھی تباہ کر دیا گیا۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق یہ کارروائیاں 5 اور 6 اگست کو “ردالفتنہ 3” کے تحت جاری انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کا حصہ تھیں۔
آئی ایس پی آر نے کہا کہ “عزمِ استحکام” کے تحت سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے ملک سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے پرعزم ہیں اور بیرونی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کے خاتمے تک کارروائیاں جاری رہیں گی۔





