پاکستان کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کی حمایت جاری رکھے گا،قمرزمان کائرہ

0
325

اسلام آباد(طلوع نیوز)وزیراعظم کے مشیر برائے امور کشمیر اور گلگت بلتستان قمرزمان کائرہ نے کہا ہے کہ کشمیریوں نے حق خودارادیت کے لئے بے مثال قربانیاں دی ہیں، پاکستان کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کی حمایت جاری رکھے گا، بھارت سے مرعوب نہیں ہیں، کشمیر بارے پاکستان کے موقف میں کوئی تبدیلی نہیں آئی، عالمی برادری کو مفادات کی بجائے مسئلہ کشمیر کو حل کرنے پر توجہ دینی چاہیے، ہم مسئلہ کشمیر کو پھر دنیا کی توجہ کا مرکز بنائیں گے۔تفصیلات کے مطابق انسٹی ٹیوٹ آف سٹریٹجک سٹڈیز میں ” 5 اگست 2019 کے غیر قانونی بھارتی اقدام۔ کشمیریوں کے حقوق اور شناخت پر حملہ بلا روک ٹوک جاری ہے“ کے موضوع پر جمعہ کو سیمینار منعقد ہوا۔ وزیراعظم کے مشیر برائے امور کشمیر اور گلگت بلتستان قمر زمان کائرہ نے تقریب میں مہمان خصوصی کی حیثیت سے شرکت کی۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے قمر زمان کائرہ نے کہا کہ کشمیریوں نے حق خودارادیت کے لئے بے مثال قربانیاں دی ہیں، پاکستان کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کی حمایت جاری رکھے گا، بھارت سے مرعوب نہیں ہیں، کشمیر بارے پاکستان کے موقف میں کوئی تبدیلی نہیں آئی۔انہوں نے کہا کہ عالمی برادری کو مفادات کی بجائے مسئلہ کشمیر کو حل کرنے پر توجہ دینی چاہیے۔انہوں نے کہا کہ ہم مسئلہ کشمیر کو پھر دنیا کی توجہ کا مرکز بنائیں گے۔ قمر زمان کائرہ نے کہا کہ ہمیں نئی نسل کو مسئلہ کشمیر بارے آگاہی دینی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کی بنیاد مسئلہ کشمیر پر رکھی گئی، ہم مسئلہ کشمیر کے حل کے لئے اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے، پاکستان نے اس تنازعے کو عالمی سطح پر ہمیشہ اجاگر کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر کی تحریک ایک فکری تحریک ہے، یہ ایک انسانی مسئلہ ہے، پاکستان کی کوئی بھی حکومت اس مسئلہ کو نظر انداز نہیں کرسکتی ۔انہوں نے کہا کہ 5 اگست 2019 کا بھارتی اقدام غیر قانونی ہے جس کی بین الاقوامی قوانین کے تحت کوئی قانونی اور اخلاقی حیثیت نہیں ہے۔ تقریب سے سابق سیکرٹری خارجہ اور انسٹی ٹیوٹ آف سٹریٹجک سٹڈیز کے ڈائریکٹر جنرل سہیل محمود، او آئی سی کے آزاد مستقل انسانی حقوق کمیشن کی رکن سابق سفیر تسنیم اسلم، آزاد جموں و کشمیر کی سابق وزیر برائے سماجی بہبود اور خواتین فرزانہ یعقوب، ایگزیکٹو ڈائریکٹر ریسرچ سوسائٹی آف انٹرنیشنل لاجمال عزیز، چیئرمین کشمیر انسٹی ٹیوٹ آف انٹرنیشنل ریلیشنز الطاف حسین وانی، کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنماغلام محمد صفی، انسی ٹیوٹ آف سٹریٹجک سٹڈیز کے ڈائریکٹر ملک قاسم مصطفیٰ اور دیگر مقررین نے خطاب کیا۔الطاف حسین وانی نے اپنے خطاب میں کہا کہ مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام بھارت کا تسلط تسلیم کرنے پر تیار نہیں ہیں۔ حریت کانفرنس کے سینئر رہنما غلام محمد صفی نے کہا کہ بھارت نے 1947 میں کشمیر پر تسلط جمایا جو اس وقت بھی قائم ہے تاہم اس کے خلاف کشمیریوں کی تحریک مزاحمت جاری ہے۔انہوں نے کہا کہ بھارتی قابض افواج اپنے غیر قانونی زیر تسلط جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین پامالیوں میں ملوث ہیں۔ تقریب سے انسٹیٹیوٹ آف سٹریٹجک سٹڈیز کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے چیئرمین خالد محمود نے بھی خطاب کیا۔

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا