اسلام آباد(طلوع نیوز)نگران وزیر داخلہ سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ تمام شہریوں کا تحفظ ریاست کی اولین ذمہ داری ہے۔تفصیلات کے مطابق نگران وزیر داخلہ میر سرفراز بگٹی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہر شہری کو حق حاصل ہے کہ وہ پورے ملک میں بلا خوف و خطر نقل و حمل کر سکے۔سرفراز بگٹی نے کہا کہ تمام شہریوں کا تحفظ ریاست کی اولین ذمہ داری ہے، جڑانوالہ کا سانحہ انتہائی شرمناک اور رسول پاک کی تعلیمات کے منافی ہے۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ جڑانوالہ والا واقعے کی شدید مذمت کرتا ہوں، ملزمان کے خلاف سخت کارروائی کی جارہی ہے، ریاست پاکستان مظلوموں کے ساتھ کھڑی ہے، اقلیتوں کی عبادت گاہوں پر حملے اسلام میں جائز نہیں۔میر سرفراز بگٹی کا کہنا تھا کہ ملک میں کسی گروہ کو تشدد کی اجازت نہ دی جائے گی، ہم سب کو مل کر ملک و قوم کی خدمت کیلئے کام کرنا ہو گا۔نگران وزیر داخلہ میر سرفراز بگٹی کا مزید کہنا تھا کہ کرپشن کو کسی صورت میں برداشت نہیں کیا جائے گا، کوئی بھی تنازعہ مزاکرات کے ذریعے حل ہوتا ہے تو اس سے اچھی بات نہیں، انتشار پھیلانے کی کسی کو اجازت نہیں دی جائے گی۔






