لاہور (طلوع نیوز) سموگ کی روک تھام کیلئے تین روزہ سمارٹ لاک ڈاؤن کے بعد تعلیمی ادارے دوبارہ کھل گئے۔
سکول، کالجز اور جامعات میں حاضری معمول کے مطابق ہے جبکہ کاروباری سرگرمیاں بحال ہوگئیں، دکانوں اور ریسٹورنٹس کے اوقات کاربھی بدل گئے تاہم شہریوں پر ماسک کی پابندی برقرار ہے۔
دوسری جانب ہسپتالوں میں سموگ سے متاثر ہونے والے شہریوں کی آمد کا سلسلہ بھی جاری ہے، گزشتہ 6 روز میں شہر کے 5 بڑے ہسپتالوں میں سموگ سے متاثرہ 7 ہزار سے زائد مریض رپورٹ ہوئے۔
واضح رہے کہ فضائی آلودگی کے باعث پنجاب حکومت نے صوبے کے 10 اضلاع میں سمارٹ لاک ڈاؤن کا نفاذ کیا تھا۔
ادھر شہریوں کو آج بھی فضائی آلودگی سے نجات نہ مل سکی، لاہور فضائی آلودگی کے اعتبار سے 415 اے کیو آئی کیساتھ دنیا بھر میں پہلے نمبر پر آگیا۔
بھارتی دارالحکومت نئی دہلی دنیا کا دوسرا آلودہ ترین شہر قرار دیا گیا جبکہ کراچی فضائی آلودگی کے لحاظ سے دنیا میں چوتھے نمبر پر ہے۔