دمشق ( مانیٹرنگ ڈیسک )شام کی وزارت دفاع نے کہا ہے کہ پیر کے روز دمشق میں ایرانی قونصل خانے کی عمارت پر اسرائیلی فضائی حملوں میں ‘پوری عمارت تباہ ہو گئی، جس کے نتیجے میں اندر موجود تمام افراد ہلاک اور زخمی ہو گئے ہیں اسرائیل کی جانب سے اس بارے میں کوئی تبصرہ نہیں کیا گیا ہے جس نے غزہ میں حماس کے خلاف جنگ کے دوران اپنے دشمن ایران سے وابستہ عسکریت پسند گروہوں پر حملے تیز کر دیے ہیں۔اسرائیلی فوج کے ترجمان نے کہا کہ ہم غیر ملکی میڈیا میں آنے والی خبروں پر کوئی تبصرہ نہیں کرتے۔شام کی وزارت خارجہ نے مبینہ طور پر حملے کی مذمت کی ہے اور شام اور ایران کے وزرائے خارجہ کو جائے وقوعہ پر دیکھا گیا ہے
۔شام کی سرکاری خبر رساں ایجنسی سانا کا کہنا ہے کہ سفارت خانے سے متصل عمارت کو بڑی تباہی کا سامنا کرنا پڑا ہے اور شہر کے مضافاتی علاقے میں واقع عمارتوں کو بھی نقصان پہنچا ہے۔شام کی وزارت دفاع نے ایک بیان میں کہا ہے کہ اسرائیلی دشمن نے مقبوضہ شام کے گولان کی سمت سے فضائی حملے کیے جس میں دمشق میں ایرانی قونصل خانے کی عمارت کو نشانہ بنایا گیا۔اس حملے میں پوری عمارت تباہ ہو گئی جس کے نتیجے میں اندر موجود تمام افراد ہلاک اور زخمی ہو گئے اور لاشوں اور زخمیوں کو ملبے تلے سے نکالنے کا کام جاری ہے۔ایرانی ذرائع ابلاغ نے خبر دی ہے کہ دمشق میں ہونے والے حملوں میں الحاق کی عمارت مکمل طور پر تباہ ہو گئی ہے، لیکن سفیر کو کوئی نقصان نہیں پہنچا ہے۔ایران کی نور نیوز ایجنسی نے کہا ہے کہ دمشق میں اسلامی جمہوریہ ایران کے سفیر حسین اکبری اور ان کے اہل خانہ کو اسرائیلی حملے میں کوئی نقصان نہیں پہنچا ہے۔
برطانیہ میں قائم تنظیم سیریئن آبزرویٹری فار ہیومن رائٹس نے کہا ہے کہ ‘اسرائیلی میزائل نے ایرانی سفارت خانے کی عمارت کو تباہ کر دیاہے. جبکہ چھ افراد ہلاک ہوئے ہیں۔ایران کی خبر رساں ایجنسی تسنیم کے مطابق اسرائیلی حملے میں پانچ افراد ہلاک ہوئے ہیں۔ شام کی سرکاری خبر رساں ایجنسی سانا نے ہلاکتوں اور زخمیوں کی نامعلوم تعداد کی اطلاع دی ہے۔شام کی سرکاری خبر رساں ایجنسی سانا نے اس سے قبل خبر دی تھی کہ ‘ہمارے فضائی دفاعی نظام نے دمشق کے مضافات میں دشمن کے ٹھکانوں کا مقابلہ کیا۔





