کرائسٹ چرچ(سپورٹس ڈیسک)نیوزی لینڈ نے پاکستان کو تین ملکی ٹی 20 کرکٹ سیریز کے چوتھے میچ میں باآسانی 9 وکٹوں سے شکست دے کر حساب چکتا کر دیا،یہ کیوی ٹیم کی سیریز میں دوسری کامیابی ہے، کیوی ٹیم نے 131 رنز کا ہدف 16ویں اوور کی پہلی گیند پر ایک وکٹ کے نقصان پر حاصل کر لیا، فن ایلن نے 62 رنز کی دلکش اننگز کھیلی، ان کی اننگز میں 6 چھکے اور ایک چوکا شامل تھا،مائیکل بریسویل کو عمدہ باؤلنگ پر مرد میدان قرار دیا گیا، منگل کو ہیگلے اوول، کرائسٹ چرچ میں کھیلے گئے تین ملکی ٹی ٹونٹی سیریز کے چوتھے میچ میں پاکستان ٹیم کے کپتان مایہ ناز بلے باز بابر اعظم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا جوبعد میں غلط ثابت ہوا۔ گرین شرٹس نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 130 رنز بنائے، افتخار احمد نے 27 رنز بنائے، آصف علی نے ناقابل شکست 25 رنز بنائے جبکہ کپتان بابر اعظم 21 اور وکٹ کیپر اوپننگ بلے باز محمد رضوان 16 رنز بناسکے۔ نیوزی لینڈ کی طرف سے عمدہ باؤلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے مائیکل بریسویل،ٹم ساؤتھی اورمچل سینٹنر نے دو، دو جبکہ ایش سودی نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔ جواب میں فن ایلن اور ڈیون کانوے کی عمدہ بیٹنگ کی بدولت نیوزی لینڈ نے مطلوبہ ہدف 16ویں اوور کی پہلی گیند پر ایک وکٹ کے نقصان پر نہ صرف حاصل کر لیا بلکہ اپنے پہلے میچ میں پاکستان کے ہاتھوں 6 وکٹوں کی شکست کا حساب بھی چکتا کر دیا۔ فن ایلن نے 42گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے 6 فلک شگاف چھکوں اور ایک چوکے کی مدد سے 62 رنز کی دلکش اننگز کھیلی، ڈیون کونوے ناقابل شکست 49 رنز کے ساتھ دوسرے نمایاں بلے باز رہے۔ پاکستان کی طرف سے شاداب خان نے ایک وکٹ حاصل کی۔مائیکل بریسویل کو عمدہ باؤلنگ پر مرد میدان قرار دیا گیا






