خیبرپختونخوا میں گزشتہ روز پیش آنے والے ہیلی کاپٹر حادثے میں شہید ہونے والے دو پائلٹس سمیت پانچ بہادر اہلکاروں کی تفصیلات جاری کردی گئی ہیں۔ یہ ہیلی کاپٹر امدادی سامان لے کر باجوڑ جا رہا تھا مگر خراب موسم کے باعث حادثے کا شکار ہوا۔
ذرائع کے مطابق شہید کرنل ریٹائرڈ شاہد سلطان کا تعلق ایبٹ آباد سے تھا۔ آرمی سے ریٹائرمنٹ کے بعد وہ ایک ماہر اور سینئر پائلٹ کے طور پر خدمات انجام دے رہے تھے۔ ان کے کریئر میں اُس وقت کے چیف آف آرمی اسٹاف سمیت متعدد وی آئی پی پروازیں بھی شامل ہیں۔
اسی حادثے میں شہید ہونے والے ریٹائرڈ ونگ کمانڈر آفتاب کا تعلق لاہور سے تھا۔ وہ پاک فضائیہ کے تجربہ کار افسر رہ چکے تھے۔ شہید فلائٹ انجینئر سلیم تلہ گنگ کے رہائشی تھے اور وہ بھی ائیر فورس سے ریٹائر ہوئے تھے۔
کریو چیف مختار، جن کا تعلق صوابی سے تھا، پاک فوج سے ریٹائرمنٹ کے بعد بھی ملک کی خدمت میں مصروف رہے۔ ان کے ساتھ شہید ہونے والے دوسرے کریو چیف محمد جبار کا تعلق تلہ گنگ سے تھا، وہ بھی پاک فوج کے سابق افسر تھے۔
ذرائع کے مطابق حادثے کا شکار ہونے والا ہیلی کاپٹر ایم آئی-17 گزشتہ پانچ ماہ کے دوران کرم میں امدادی کارروائیوں کے لیے درجنوں پروازیں مکمل کر چکا تھا۔ یہ ہیلی کاپٹر 2020 میں روس میں اوورہال ہوا اور اس سے قبل پنجاب و بلوچستان حکومتوں کے زیر استعمال بھی رہا ہے۔
یاد رہے کہ یہ ہیلی کاپٹر باجوڑ کے لیے امدادی سامان لے کر روانہ ہوا تھا لیکن خراب موسم کے باعث پہاڑی علاقے میں حادثے کا شکار ہوگیا، جس میں دو پائلٹس سمیت عملے کے پانچ اہلکار وطن پر قربان ہوگئے۔






