خیبر پختونخوا حکومت نے دریائے سندھ اور دریائے کابل کے کناروں پر پلیسر گولڈ کی غیر قانونی کان کنی پر 60 روز کے لیے پابندی عائد کر دی ہے۔ محکمہ داخلہ کے اعلامیے میں بتایا گیا کہ سوات، نوشہرہ، کوہاٹ اور ملحقہ علاقوں میں دفعہ 144 نافذ کی گئی ہے تاکہ ماحولیاتی خطرات کو کم کیا جا سکے۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ غیر قانونی کان کنی کرنے والے افراد کے سامان کو ضبط کیا جائے گا اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف دفعہ 188 کے تحت کارروائی کی جائے گی۔ ذرائع کے مطابق، کابینہ نے معدنیات کے محکمے کو آپریشن کی ہدایت دی تھی اور یہ معاملہ حالیہ کابینہ اجلاس میں بھی زیرِ بحث آیا۔






