بھارتی سپر اسٹار گلوکار سونو نگم نے انکشاف کیا ہے کہ ان کی عالمی شہرت یافتہ پاکستانی سنگر علی ظفر سے تقریباً ہر ہفتے بات چیت ہوتی ہے۔
سوشل میڈیا پر وائرل ایک ویڈیو کلپ میں سونو نگم نے علی ظفر کو شاندار شخصیت قرار دیتے ہوئے کہا:
“ہماری اکثر گفتگو ہوتی رہتی ہے، کبھی ہر ہفتے تو کبھی دو ہفتے بعد۔ وہ نہایت ہی پیارے اور خوش اخلاق انسان ہیں، ایسے لوگ دل کے قریب رہتے ہیں۔”
اس کے علاوہ ایک اور انٹرویو میں سونو نگم نے لیجنڈ پاکستانی گلوکار عطا اللہ عیسیٰ خیلوی کا خصوصی طور پر شکریہ ادا کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ عطا اللہ کے گانے سے ہی ان کے کیریئر کی ابتدا ہوئی اور محض 19 سال کی عمر میں جب انہوں نے “اچھا سلا دیا تو نے میرے پیار کا” گایا تو خود عطا اللہ نے فون کرکے ان کی تعریف کی۔
سونو نگم نے کہا:
“میں ان کا مقروض ہوں، اپنی کامیابیوں کا سہرا انہیں دیتا ہوں۔ ’اچھا سلا‘ میرے کیریئر کا اہم سنگ میل تھا، جسے پورے بھارت نے سنا۔”
واضح رہے کہ سونو نگم نے موسیقی کی دنیا میں اپنے سفر کا آغاز عطا اللہ عیسیٰ خیلوی کے اسی مشہور گانے سے کیا تھا۔




