لاہور: اسٹیج اداکارہ ثمر رانا کو گھریلو ملازمہ پر تشدد اور زیادتی کے الزام میں گرفتار کرلیا گیا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق نواب ٹاؤن پولیس نے پیر کے روز اداکارہ کے گھر پر چھاپہ مار کر انہیں حراست میں لیا۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ثمر رانا کے گھر میں 14 سالہ گھریلو ملازمہ کو مبینہ طور پر پانچ افراد نے زیادتی کا نشانہ بنایا۔
پولیس کے مطابق متاثرہ لڑکی پر نہ صرف تشدد کیا گیا بلکہ اس واقعے کی ویڈیو بھی بنائی گئی۔ اداکارہ پر متاثرہ کو ڈرانے دھمکانے کے الزامات بھی عائد کیے گئے ہیں۔
ایس پی انویسٹی گیشن نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ واقعے میں ملوث دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لیے کارروائی جاری ہے، جبکہ گھریلو ملازمہ اور اس کے اہل خانہ کو ہر ممکن انصاف دلانے کی یقین دہانی کرائی گئی ہے۔






