پشاور: مشیر اطلاعات خیبر پختونخوا بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہا ہے کہ سیلاب متاثرین میں معاوضوں کی تقسیم کا عمل تیزی سے جاری ہے اور تمام متاثرہ افراد کو بروقت ادائیگی یقینی بنائی جائے گی۔
انہوں نے بتایا کہ وزیر اعلیٰ علی امین گنڈاپور کی ہدایت پر معاوضوں کی تقسیم کا سلسلہ جاری ہے۔ اب تک 332 شہداء کے لواحقین میں 664 ملین روپے کے چیکس، بونیر کے 171 شہداء کے لواحقین کو 342 ملین روپے کے چیکس اور زخمیوں میں 19.5 ملین روپے کے چیکس تقسیم کیے جا چکے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ سیلاب سے متاثرہ گھروں کے معاوضوں کی ادائیگی بھی شروع ہو گئی ہے۔ مکمل تباہ گھروں کے مالکان کو 58 ملین روپے کے چیکس اور جزوی طور پر متاثرہ 39 گھروں کے مالکان کو 14.5 ملین روپے کے چیکس فراہم کیے جا چکے ہیں۔
صوبائی مشیر اطلاعات نے بتایا کہ ڈیجیٹل ایپ کے ذریعے متاثرہ افراد کو 15 ہزار روپے کے فوڈ سٹامپس بھی دیے جا چکے ہیں۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ وزیراعلیٰ کی قیادت میں صوبائی حکومت متاثرین کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور تمام متاثرہ افراد کو معاوضوں کی بروقت ادائیگی یقینی بنائی جائے گی۔






