وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے مشیر برائے اطلاعات بیرسٹر سیف نے کہا ہے کہ کارکردگی اور اہلیت کے اعتبار سے خیبرپختونخوا حکومت پنجاب سے کہیں بہتر ہے۔
پشاور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں سیلاب متاثرین کو فوری ریلیف دیا گیا، شہدا اور زخمیوں کو معاوضے بھی ادا کیے جا چکے ہیں، جبکہ پنجاب حکومت اپنے عوام کو ریلیف دینے میں ناکام رہی ہے۔
بیرسٹر سیف نے مزید کہا کہ پنجاب کے پاس وقت تھا اور سیلاب کے خطرے سے آگاہی بھی تھی، اس کے باوجود انتظامات نہ ہونے سے لوگ متاثر ہوئے۔
ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کو فون پر دکھ کا اظہار تو کیا مگر وفاق کی طرف سے عملی مدد فراہم نہیں کی گئی۔
انہوں نے کہا کہ اگر پنجاب حکومت خیبرپختونخوا سے مدد طلب کرے گی تو ہم بھرپور تعاون کریں گے۔






