ایتھوپین ایئر فورس کے کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل یلما مرداسا نے اسلام آباد میں ایئر ہیڈکوارٹرز کا دورہ کیا اور پاک فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو سے ملاقات کی۔ اس موقع پر دونوں ممالک کے درمیان پیشہ ورانہ امور اور تعاون بڑھانے پر گفتگو ہوئی۔
پی اے ایف کے دستے نے معزز مہمان کو گارڈ آف آنر پیش کیا۔ ایئر چیف نے کہا کہ پاکستان، ایتھوپین ایئر فورس کو پیشہ ورانہ اہداف کے حصول میں تعاون فراہم کرے گا اور مشترکہ تربیتی اقدامات کے ذریعے شراکت داری کو مزید بڑھایا جائے گا۔
کمانڈر ایتھوپین فضائیہ نے کہا کہ وہ پاک فضائیہ کے جنگی تجربے اور ٹیکنالوجی سے اپنی صلاحیتوں کو بہتر بنانے کے خواہاں ہیں۔ انہوں نے ہوا بازی کے شعبے میں تکنیکی تعاون اور جدت میں دلچسپی کا اظہار کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ایتھوپین ایئر چیف نے نیشنل آئی ایس آر، انٹیگریٹڈ ایئر آپریشنز سینٹر اور سائبر کمانڈ کا بھی دورہ کیا اور پاک فضائیہ کی جدید صلاحیتوں کو سراہا۔ یہ دورہ دونوں ممالک کے فوجی تعاون کو مزید مستحکم بنانے کا عکاس قرار دیا گیا۔






