پنجاب کی سینئر وزیر مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ صوبے کے 15 اضلاع میں سیلاب کے پیشِ نظر ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے اور اس وقت سب سے اہم کام لوگوں کی جانیں بچانا ہے۔ سیلاب سے 20 لاکھ سے زائد افراد متاثر ہوئے ہیں جبکہ ساڑھے 7 لاکھ افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جا چکا ہے۔
مریم اورنگزیب نے بتایا کہ پنجاب کی تاریخ میں سب سے بڑا ریسکیو آپریشن جاری ہے، جس میں 5 لاکھ سے زائد مویشی بھی محفوظ مقامات پر منتقل کیے گئے ہیں اور 400 سے زائد وٹنری کیمپس لگائے گئے ہیں۔ سیلابی علاقوں میں امدادی کارروائیاں جاری ہیں اور نالوں میں تجاوزات کے خاتمے کا عمل بھی چل رہا ہے۔
وزیر نے کہا کہ راوی، ستلج اور چناب میں سیلاب کی صورتحال برقرار ہے، خانکی، قادرآباد اور رواس برج پر اونچے درجے کا سیلاب ہے، جبکہ تریموں برج، جسڑ اور گنڈاسنگھ والا پر پانی کا بہاؤ تیز ہے۔ لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کا عمل مکمل ہو چکا ہے اور تحصیل و ضلعی سطح پر ہنگامی بنیادوں پر ریلیف جاری ہے۔ عوام سے انتظامیہ کے ساتھ تعاون کی درخواست کی گئی ہے۔






